مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے ہیگ میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال پر پابندی کے کنونشن کے رکن ممالک کی 31ویں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عصر حاضر کی تاریخ میں کیمیائی ہتھیاروں کا سب سے بڑا اور آخری شکار ہونے کے ناطے ایک تلخ اور دیرپا حقیقت کا سامنا کر رہا ہے، جس کے اثرات کئی دہائیاں گزرنے کے باوجود ہزاروں ایرانی شہریوں کی زندگیوں میں نمایاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیمیائی ہتھیاروں کے بہت سے متاثرین آج بھی ان غیر انسانی ہتھیاروں کے جسمانی اور نفسیاتی اثرات سے دوچار ہیں اور انہیں زندگی گزارنے کے لیے مسلسل ادویات اور خصوصی علاج کی ضرورت ہے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران نے کبھی بھی کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے ذریعے بدلہ لینے کی پالیسی اختیار نہیں کی۔ صدام حکومت کی مسلط کردہ جنگ کے دوران ایران کے پاس جوابی کارروائی کی صلاحیت اور وسائل موجود تھے، لیکن اس کے باوجود اس نے نہ تو کیمیائی ہتھیار بنائے اور نہ ہی استعمال کیے، کیونکہ ایران کا مؤقف ہے کہ ایک جرم کا جواب دینے کے لیے اسی جرم کو دہرانا درست نہیں۔
آپ کا تبصرہ